آئی فون 18 پرو میں حیران کن نئے فیچر کی شمولیت کا امکان

شائع شدہ تاریخ 01 جون, 2026
آئی-فون-18-پرو-میں-حیران-کن-نئے-فیچر-کی-شمولیت-کا-امکان

فوربز کی رپورٹ کے مطابق ایپل کے نئے فیچر کی تفصیلات سامنے آگئیں، ایپل کے آئندہ اسمارٹ فونز میں سیٹلائٹ کمیونیکیشن سے متعلق بڑی پیشرفت ہونے کا قوی امکان ہے۔

ایپل کمپنی رواں سال ستمبر میں متعارف کرائے جانے والے اپنے نئے ماڈلز میں جدید ’ایپل سی ٹو‘ موڈیم شامل کرسکتی ہے جو سیٹلائٹ کے ذریعے فائیو جی کنیکٹیویٹی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق متوقع ماڈلز میں آئی فون 18 پرو، آئی فون 18 پرو میکس اور ایپل کا پہلا فولڈیبل فون، جسے ممکنہ طور پر آئی فون الٹرا کہا جاسکتا ہے، شامل ہوں گے۔

آئی فون 18 پرو میں ایپل کا نیا "سی ٹو” موڈیم متعارف کروایا جا رہا ہے جو 5 جی سیٹلائٹ کنیکٹیویٹی فراہم کرے گا۔ یہ فیچر فون کو براہِ راست مدار میں موجود سیٹلائٹس سے جوڑ کر سگنل نہ ہونے کی صورت میں بغیر کسی رکاوٹ کے خودکار طریقے سے سیٹلائٹ نیٹ ورک پر منتقل کر دے گا۔

ماہرین کے مطابق اگر یہ فیچر متعارف کرایا گیا تو ایپل کے سیٹلائٹ فیچرز مزید بہتر ہوجائیں گے اور یہ سروسز ان سہولیات کے قریب پہنچ جائیں گی جو اسٹار لنک اپنے پارٹنر نیٹ ورکس کو فراہم کر رہا ہے۔

اس سے قبل بھی امریکی ٹیلی کام کمپنی ٹی موبائل اسٹارلنک کے تعاون سے ایسی سروس متعارف کروا چکی ہے جس کے ذریعے صارفین فون کو آسمان کی طرف رخ کیے بغیرسیٹلائٹ کنیکٹیویٹی حاصل کرسکتے ہیں۔

تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نئی ٹیکنالوجی دور دراز یا آف گرڈ علاقوں میں رابطے کے نظام کو مزید مؤثر بناسکتی ہے، خاص طور پر ہنگامی حالات میں جہاں روایتی موبائل سگنلز دستیاب نہ ہوں۔ تاہم ایپل کی جانب سے اس حوالے سے حتمی طور پر ابھی تک کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔