تازہ ترین

مریکی صدر کی کوششیں خطے میں امن کے لیے سودمند، پاکستان

US President's efforts beneficial for peace in the region, says Pakistan

نیویارک : پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکی صدر ٹرمپ کی امن کوششوں کو تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا صدرٹرمپ کا اقدام امن کا نادر موقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ غزہ میں امن کیلئے نئی سفارتی راہیں سامنے
آرہی ہیں، امن کی کاوشیں او آئی سی اور عرب ممالک کے تعاون سے تیار کی گئیں اور پاکستان مشاورتی عمل میں فعال طور پر شریک رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا ای ون بستی منصوبہ دو ریاستی حل پر براہ راست حملہ ہے، اگر کونسل اپنی قراردادوں پر عمل درآمد نہیں کروا سکتی تو اس کی ساکھ خطرے میں پڑ جائے گی۔

عاصم افتخار نے غزہ میں حالات کی سنگینی بھی اجاگر کی اور بتایا کہ اب تک تقریباً 66 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں اکثریت عورتوں اور بچوں کی ہے۔

انہوں نے فوری، غیر مشروط اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قتل و غارت روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، ناکہ بندی ختم ہو، امداد بلا رکاوٹ پہنچائی جائے اور یرغمالیوں و فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔

مستقل مندوب نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلے کا پائیدار حل دو خودمختار ریاستوں کی بنیاد پر ہی ممکن ہے، ایک خودمختار فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

عاصم افتخار نے پاکستان کی فلسطینی عوام کے ساتھ غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی فورمز پر امن کے عمل کو فروغ دینے اور متاثرہ عوام تک انسانی امداد پہنچانے کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھے گا۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں