تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ جمہوری اداروں میں پارلیمان کو بنیادی حیثیت حاصل ہے، جمہوریت،عوام کی آواز اور نظام حکومت میں ان کی شمولیت کا نام ہے، آئین پاکستان ہر شہری کے بنیادی حقوق کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جمہوری اصولوں اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتا ہے، جمہوریت کسی بھی منصفانہ اور جامع معاشرے کی بنیاد ہے، یہی جمہوریت کو دیگر طرز حکومت سے ممتاز بناتی ہے۔
صدر مملکت نے کہا جمہوری ادارے عوامی آواز کے محافظ ہیں، جمہوریت عوام کو بااختیار اور ان کی شراکت کو یقینی بناتی ہے، قائدین کی قربانیوں سے جمہوریت کو استحکام ملا، جمہوریت محض عمل نہیں، عوامی حقوق کا تحفظ ہے۔
صدر زرداری کا کہنا تھا آج جمہوریت کو مزید مضبوط بنانے کا دن ہے، پارلیمنٹ عوام کی آواز، پالیسی سازی کا مرکز ہے، جمہوریت ہی سے معاشرتی انصاف، برابری اور ترقی ممکن ہے۔
صدر مملکت نے کہا قانون کی حکمرانی اور مساوات جمہوریت کی بنیاد ہیں۔ ادارہ جاتی اصلاحات اور جمہوریت کا استحکام وقت کی ضرورت ہے، پاکستان کا روشن مستقبل مضبوط جمہوریت سے وابستہ ہے۔
صدر مملکت نے کہا شہیدذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جدوجہد جمہوریت کی بنیاد ہے، 1973 کا آئین پاکستان کی سب سے بڑی جمہوری کامیابی ہے۔