اسکول کی عمارت گرنے سے 65 طلبہ ملبے تلے دب گئے
شائع شدہ تاریخ 30 ستمبر, 2025
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق حکام نے بتایا ہے کہ انڈونیشیا کے مشرقی جاوا میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں 65 طلبہ کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے، جنہیں نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ زخمی طلبہ کی عمریں بارہ سے سترہ سال کے درمیان ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، عمارت کی غیر قانونی توسیع اور ناقص تعمیر اس حادثے کی ممکنہ وجہ ہیں۔ یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسکول میں نماز اور کلاسز جاری تھیں۔
ریسکیو ٹیمیں، پولیس اور مقامی رضاکار ملبہ ہٹانے اور طلبہ کو بچانے کے لیے مصروف عمل ہیں۔ دوسری جانب متاثرہ طلبہ کے والدین سخت پریشانی کے عالم میں اسکول کے باہر جمع ہیں۔
اس سے قبل انڈونیشیا کے صوبہ مغربی جاوا میں اسکول سے کھانا خرید کر کھانے کے بعد ایک ہزار سے زائد بچے فوڈ پوائزننگ کا شکار ہوگئے تھے، جس کے بعد ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی۔
حکام کا کہنا تھا کہ واقعہ صدر پرابوو سبیانتو کے اربوں ڈالر کے ”مفت غذائیت بخش کھانے”پروگرام کے لیے ایک بڑا جھٹکا ہے۔
مغربی جاوا کے گورنر دیدی ملیادی نے بتایا کہ فوڈ پوائزننگ کے کیسز صوبے کے چار علاقوں سے رپورٹ ہوئے ہیں، صرف ویسٹ باندونگ میں پیر کے روز 470 سے زائد طلبہ بیمار ہوئے، جبکہ مزید تین مقامات پر مجموعی طور پر 580 بچوں پر اثرات مرتب ہوئے۔
چھوٹے اسپتال طلبہ کی بڑی تعداد کی وجہ سے شدید دباؤ کا شکار ہوگئے، جس کے بعد صوبائی حکومت نے ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔