فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسزنے خیبر پختونخوا میں 10 سے 13 ستمبر کے دوران کارروائیاں کی، اس دوران فتنہ الخوارج کے 35 دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جہاں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر مؤثر کارروائی کے دوران 22 بھارتی اسپانسرڈ خارجی ہلاک ہوئے۔
سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں آپریشن کے دوران 13 خارجی دہشتگردوں کو مارا، اس دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں وطن کے 12 سپوت بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
ہلاک خارجی دہشتگردوں سے بھاری تعداد میں ہتھیار اور گولیاں برآمدکی گئیں، ہلاک شر پسند دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
رپورٹس میں افغان شہریوں کی دہشتگرد کارروائیوں میں براہ راست شمولیت کی تصدیق بھی ہوئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال سنگین تشویش کا باعث ہے، پاکستان نے عبوری افغان حکومت سے مطالبہ کیا کہ اپنی سرزمین کا دہشتگردی کیلیے استعمال روکے۔
ترجمان نے کہا کہ علاقوں میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز بھی کیے گئے ہیں، بھارتی سرپرست دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہیں گے، جوانوں کی قربانیاں دہشتگردی کے خلاف ہماری قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔