سلمان علی آغا: فائنل کے لیے پوری طرح تیار ہیں

شائع شدہ تاریخ 26 ستمبر, 2025
Salman Ali Agha: Fully prepared for the final

پاکستان نے دبئی میں کھیلے گئے سپر فور مرحلے کے انتہائی اہم میچ میں بنگلادیش کو 11 رنز سے زیر کرکے ایشیا کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے جہاں اس کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔

پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے میچ کے بعد بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ ایسے میچز جیتیں تو آپ واقعی خاص ٹیم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح بولرز نے بولنگ کی اور فیلڈر نے فیلڈنگ میں کارکردگی دکھائی وہ بہترین ہے۔

پاکستانی کپتان نے کہا کہ شاہین آفریدی نے ابتدا سے بنگلا دیشی بلے بازوں پر دباؤ ڈالا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان، بنگلادیش کو 11 رنز سے ہرا کر ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا، فائنل میں گرین شرٹس کا مقابلہ بھارت سے اتوار کو ہوگا۔

دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے 136 رنز کے تعاقب میں بنگلادیش کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بناسکی، شاہین آفریدی کو تین وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

شمیم حسین 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سیف حسن 18 اور نور الحسن 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان ذاکر علی 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، صائم ایوب نے دو اور محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے اور بنگلادیش کو جیت کے لیے 136 رنز کا ہدف دیا تھا۔