ملک کے مختلف شہروں میں صبح سویرے موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ہوئی۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں علی الصبح بادل برس پڑے، جڑواں شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، اسلام آباد میں تیز بارش کے ساتھ ساتھ چند مقامات پر اولے بھی برسے۔
شہر کے متعدد علاقوں میں بارش کا سلسلہ مسلسل جاری رہا، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی کے علاوہ رات گئے ضلع باجوڑ ، مالاکنڈ اور سوات کے علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور ژالہ باری ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے آج مری، گلیات، جہلم، گوجرانوالہ اور لاہور سمیت پنجاب کے مختلف حصوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔دیر، چترال، پشاور، مردان کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
سندھ میں کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص میں چند مقامات پر بارش کی توقع ہے۔