تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ہونے والی ملاقات کا اعلامیہ وزیراعظم آفس نے جاری کردیا۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے امریکی صدر کو امن کا علمبردار قرار دیا، یہ ملاقات گرمجوشی اور خوشگوار ماحول میں ہوئی۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ دنیا بھر میں تنازعات کے خاتمے کے لیے مخلصانہ کوششوں میں مصروف ہیں، وزیراعظم نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جرات مندانہ، دلیرانہ اور فیصلہ کن قیادت کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ امریکی صدر کی کوششوں سے پاکستان اور بھارت کے درمیان فائر بندی ممکن ہوئی، وزیراعظم نے غزہ میں جنگ کے فوری خاتمے کیلئے صدر ٹرمپ کی کوششوں کو سراہا ہے۔
جاری کردہ اعلایے کے مطابق وزیراعظم نے رواں ہفتے نیو یارک میں مسلم ممالک کے اہم رہنماؤں کو مدعو کرنے کے اقدامات کو بھی سراہا، ملاقات کا مقصد مشرق وسطیٰ بالخصوص غزہ اور مغربی کنارے میں قیام امن کیلئے جامع تبادلہ خیال تھا۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری علامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر ٹرمپ کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی، اوول آفس میں ہونیوالی ملاقات دوستانہ اور گرمجوشی کے ماحول میں ہوئی۔