دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے 136 رنز کے تعاقب میں بنگلادیش کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بناسکی، شاہین آفریدی کو تین وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
شمیم حسین 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سیف حسن 18 اور نور الحسن 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان ذاکر علی 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، صائم ایوب نے دو اور محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے اور بنگلادیش کو جیت کے لیے 136 رنز کا ہدف دیا تھا۔
پاکستان کی ابتدائی 5 وکٹیں صرف 49 رنز پر گریں۔
کپتان سلمان علی آغا 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اوپنر فخر زمان 13 اور صاحبزادہ فرحان 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
صائم ایوب ایشیا کپ میں ایک مرتبہ پھر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، شاہین آفریدی نے 19 رنز بنائے، محمد حارث 31 اور محمد نواز نے 25 رنز بنائے۔
بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مہدی حسن اور رشاد حسین نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مستفیض الرحمان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
بنگلادیش کے کپتان ذاکر علی نے ٹاس جیت کر سلمان علی آغا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
کپتان سلمان علی آغا نے بتایا ہے کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
سپر فور مرحلے میں دونوں ٹیموں نے دو، دو میچ کھیلے، پاکستان کو بھارت کے خلاف ناکامی اور سری لنکا کے خلاف کامیابی حاصل ہوئی۔
ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں پاکستان کو واضح برتری حاصل ہے، 25 میں سے 20 میچ جیتے جبکہ پانچ میں بنگلادیش کامیاب ہوا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی آخری ٹی 20 سیریز ڈھاکا میں ٹائیگرز نے جیتی لیکن آخری 6 میں سے 4 مقابلے شاہینوں کے نام رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت پہلے ہی ایشیا کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرچکا ہے۔آج جو ٹیم میچ جیتے گی وہ اتوار کو ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کا سامنا کرے گی۔
البتہ سپر فور مرحلے کا آخری میچ کل بھارت اور سری لنکا کے درمیان ہوگا۔