دبئی: ایشیا کپ ٹی 20 کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین ناک آؤٹ میچ آج کھیلا جائے گا ،میچ جیتنے والی ٹیم فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی جہاں اتوار کو اس کا مقابلہ بھارت سے ہو گا،جبکہ ہارنے والی ٹیم ایونٹ کے ٹائٹل کی دور سے باہر ہو جائے گی۔
گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 41 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا،جبکہ پاکستان اور بنگلہ دیش میں سے جیتنے والی ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی۔
اس سے قبل دونوں ٹیموں نے دو دو میچ کھیل کر دو دو پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں، رن ریٹ کی بنیاد پر پاکستان دوسرے نمبر پر ہے لیکن فائنل میں پہنچنے کے لئے پاکستان کو ہر صورت میں فتح درکار ہےجبکہ شکست کی صورت میں بنگلہ دیش فائنل میں پہنچ جائے گا۔
بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں حسن نواز کی شمولیت کا امکان ہے، دوسری جانب شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ فائنل میں بھارت ہو یا کوئی اور ٹیم یقینی طور پر ہم ہی فتح حاصل کر یں گے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے میں بنگلہ دیش کے خلاف اہم میچ سے قبل قومی اوپنر فخر زمان کو مکمل فٹ قرار دے دیا گیا ہے۔ انہیں سری لنکا کے خلاف میچ میں فاسٹ باؤلر دشمناتھا کی ہیلمٹ پر گیند لگی تھی جس کے بعد انہیں طبی امداد دی گئی۔
خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 16 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ ہوئے ہیں جس میں سے 14 میں پاکستان فاتح رہا اور 2 میچ بنگلہ دیش کے نام رہے۔