سینیٹ نشست رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شبلی فراز کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی جس پر کاغذات نامزدگی 8 سے 9 اکتوبر تک جمع کروائے جا سکیں گے جبکہ امیدواروں کے نام 10 اکتوبر کو شائع کیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق کاغذات کی جانچ پڑتال 13 اکتوبر تک مکمل ہوگی، منظوری یا مستردی کے خلاف اپیلیں 15 اکتوبر تک دائر کی جا سکیں گی، اپیلوں پر فیصلے 17 اکتوبر تک سنائے جائیں گے۔
شیڈول میں بتایا گیا کہ امیدواروں کی نظرِ ثانی شدہ فہرست 18 اکتوبر کو جاری ہوگی، امیدوار 20 اکتوبر تک کاغذات واپس لے سکیں گے، سینیٹ کی خالی نشست پر انتخاب 30 اکتوبر کو ہوگا۔
پچھلے دنوں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز سمیت دیگر کو نااہل قرار دیتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ اے ٹی سی فیصل آباد کی جانب سے 9 مئی کے مقدمہ میں پی ٹی آئی رہنماؤں کو دی گئی سزاؤں کے تناظر میں دیا تھا۔