کراچی: چند روز قبل انتقال کر جانے والے سوشل میڈیا اور ٹی وی کے ننھے اسٹار عمر شاہ کی صحت سے متعلق اہم انکشاف سامنے آیا ہے۔ معروف اینکر وسیم بادامی کے مطابق عمر شاہ کو 'فٹس' یعنی بے ہوشی یا مرگی کے دورے پڑتے تھے۔
عمر شاہ کا انتقال 15 ستمبر 2025 کو ہوا تھا۔ ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا تھا کہ انہیں رات گئے الٹی ہوئی تھی جو ان کے پھیپھڑوں میں چلی گئی، جس کے باعث سانس لینے میں دشواری ہوئی، آکسیجن کا نظام متاثر ہوا اور دل کی دھڑکن بند ہو گئی۔
ابتدائی طور پر فوڈ پوائزننگ کو موت کی وجہ قرار دیا گیا، تاہم اب وسیم بادامی کے انکشاف کے بعد معاملے پر نئی روشنی پڑی ہے۔
وسیم بادامی نے ندا یاسر کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ "عمر شاہ کو 'فٹس' پڑتے تھے، اور اگرچہ یہ معلوم نہیں کہ کب سے انہیں یہ مسئلہ درپیش تھا، لیکن ڈاکٹروں نے اس بات کی تصدیق کی ہے۔"
انہوں نے مزید بتایا کہ وہ عمر شاہ کے ساتھ کئی پروگراموں میں گھنٹوں گزار چکے ہیں اور وہ ان کے پڑوسی بھی تھے۔
"جب مجھے اس کے انتقال کی خبر ملی تو میں صدمے میں آ گیا، کئی بار خاندان والوں اور ڈاکٹروں سے تصدیق کی کہ کیا واقعی ایسا ہوا ہے۔"
وسیم بادامی کے مطابق ڈاکٹروں نے بتایا کہ الٹی کے دوران عمر شاہ کے پھیپھڑوں میں مواد چلا گیا، جس کے بعد وہ آکسیجن کی کمی کا شکار ہوئے اور ان کا دل بند ہو گیا۔
فٹس کیا ہوتا ہے؟
ماہرین صحت کے مطابق ’فٹس‘ (Fits) دماغ میں برقی سگنلز کی بے ترتیبی سے پیدا ہوتا ہے جس کے باعث شخص کا جسم جھٹکے لینے لگتا ہے، شعور متاثر ہو سکتا ہے اور حرکات غیر ارادی ہو جاتی ہیں۔