تازہ ترین

عرفان پٹھان: پاکستان نے بہترین ٹیم ورک دکھایا

Irfan Pathan: Pakistan showed excellent teamwork

میچ کے بعد سوشل میڈیا پر تبصرہ کرتے ہوئے عرفان پٹھان نے نہ صرف بنگلادیشی بیٹنگ کو تنقید کا نشانہ بنایا بلکہ پاکستان کی بولنگ اور فیلڈنگ کو بھی سراہا

معروف سابق بھارتی کرکٹر عرفان پٹھان، جو عموماً پاکستانی کرکٹرز پر تنقید کرتے نظر آتے ہیں، اس بار پاکستان ٹیم کی کارکردگی سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے میں بنگلادیش کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں کم اسکور کا دفاع کرنے پر عرفان پٹھان نے گرین شرٹس کی تعریف کی ہے۔

جمعرات کو کھیلے گئے اہم میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 11 رنز سے شکست دے کر ایشیا کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 136 رنز بنائے، جس کے جواب میں بنگلادیش کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر صرف 124 رنز ہی بنا سکی۔

میچ کے بعد سوشل میڈیا پر تبصرہ کرتے ہوئے عرفان پٹھان نے نہ صرف بنگلادیشی بیٹنگ کو تنقید کا نشانہ بنایا بلکہ پاکستان کی بولنگ اور فیلڈنگ کو بھی سراہا۔

یہ ردعمل اس لیے بھی نمایاں ہے کیونکہ عرفان اکثر پاکستانی کھلاڑیوں پر تنقیدی ریمارکس دیتے رہے ہیں، لیکن اس بار پاکستان کی متوازن بولنگ اٹیک اور دباؤ میں عمدہ فیلڈنگ نے انہیں تعریف پر مجبور کر دیا۔

یاد رہے کہ پاکستان ٹیم نے ایشیا کپ میں بھارت سے شکست کے بعد شاندار واپسی کی ہے۔ گرین شرٹس نے سپر فور مرحلے میں پہلے سری لنکا اور پھر بنگلادیش کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔

اب اتوار کو ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں پہلی بار پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی، جس کا شائقین کرکٹ کو بے چینی سے انتظار ہے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں