تازہ ترین

بھارت نے مگ-21 طیارے بالآخر فضائی بیڑے سے ریٹائر کردیے

India finally retires MiG-21 aircraft from its air fleet

ابتک 490 طیارے حادثات کا شکار ہو چکے ہیں جن میں 200 سے زیادہ بھارتی پائلٹ اور 60 سے زائد عام شہری اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

نئی دہلی:بھارتی فضائیہ نے پاک فضائیہ کے ہاتھوں ہزیمت اٹھانے والے ’اُڑتے تابوت‘ کے لقب سے بدنام بھارتی مگ-21 طیاروں کو فضائی سروس سے سبکدوش کردیا گیا۔

انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق چندی گڑھ ایئر بیس پر الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سمیت فضائیہ کے اعلیٰ افسران اور سابق پائلٹس بھی شریک ہوئے،جہاں بھارتی فضائیہ نے  62 سال سے زیر استعمال روسی ساختہ جنگی طیاروں مِگ 21 سے بالا آخر جان چھڑالی۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے مِگ21 کو ’طاقتور مشین اور قومی فخر‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’مِگ21 صرف ایک طیارہ یا مشین نہیں بلکہ بھارت اور روس کے قریبی تعلقات کی علامت بھی ہے‘۔

تقریب میں بھارتی فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل اے پی سنگھ نے مِگ 21 بائسن طیارے میں ’بادل 3‘ کے کال سائن کے ساتھ آخری پرواز کی۔

خیال رہے کہ روسی ساختہ یہ طیارے بھارت نے 1960 کی دہائی میں فضائیہ میں شامل کیے تھے، جن کی تعداد وقت کے ساتھ بڑھ کر 874 ہو گئی، مگر ان میں سے 490 طیارے حادثات کا شکار ہو چکے ہیں جن میں 200 سے زیادہ بھارتی پائلٹ اور 60 سے زائد عام شہری اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

اس خراب ریکارڈ کے باعث بھارتی پائلٹس میں یہ طیارے ’فلائنگ کوفِن‘ یا ’اڑتے تابوت‘ کے نام سے مشہور ہیں۔

بھارت نے مگ 21 طیارے آپریشن سندور، کارگل جنگ، بالاکوٹ حملوں اور 1965 اور 1971 کی جنگوں میں استعمال کیے،جہاں پاک فضائیہ کے ہاتھوں ان کو ہزیمت اٹھانا پڑی تھی ۔

اسی طرح1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر سجاد حیدر کی قیادت میں پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملے کے دوران کئی مگ-21 طیارے زمین پر ہی تباہ کر دیے گئے، اس کے بعد یہ طیارے پورے جنگِ ستمبر میں تقریباً غائب رہے۔

1971ء کی جنگ میں بھارت کو سوویت یونین سے بڑی تعداد میں مگ-21 طیارے اور دیگر اسلحہ ملا، جس نے کچھ برتری ضرور دی، لیکن تب بھی بھارتی فضائیہ نے مجموعی طور پر 75 طیاروں کے نقصان کا اعتراف کیا، جن میں 8 مگ-21 بھی شامل تھے،جبکہ 1999 کی کارگل جھڑپوں میں ایک بھارتی مگ-21 پاک فوج نے مار گرایا۔
یہ فلائنگ کوفن عالمی سطح پر اس وقت بھی خبروں کی زینت بنا جب 2019 میں پاک فضائیہ کے آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کے دوران پاک فضائیہ نے ایک اور مگ-21 طیارہ مار گرایا جو ونگ کمانڈر ابھی نندن اڑا رہے تھے۔ طیارے کی تباہی کے ساتھ پائلٹ بھی گرفتار کر لیا گیا، جس واقعے نے دنیا بھر میں بھارتی فضائی صلاحیت پر سوالات اٹھا دیے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں