تازہ ترین

وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر کی اہم ملاقات

Important meeting between Prime Minister Shehbaz Sharif and US President

واشنگٹن (26ستمبر 2025): وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی وائٹ ہائوس کے اوول آفس میں ملاقات ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی وائٹ ہائوس کے اوول آفس میں ملاقات ہوئی اس موقعے پر آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی ملاقات میں موجود تھے، یہ ملاقات ایک گھنٹے 20 منٹ تک جاری رہی۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، اس ملاقات میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور سیکریٹری آف سٹیٹ مارکو روبیو بھی شریک تھے۔

ملاقات میں دوطرفہ مفادات کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر آراء کا تبادلہ ہو، ملاقات سے قبل صدر ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی پاکستان کی قیادت کے انداز کی تعریف کی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات سے قبل اپنے دفتر میں ایک تقریب کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کرنے والے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہمارے پاس ایک عظیم رہنما آرہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل تشریف لا رہے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ریمارکس دیے کہ فیلڈ مارشل ایک بہت شاندار شخصیت ہیں اور وزیراعظم بھی۔

قبل ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا امریکی صدر سے ملاقات کیلئے اینڈریو ایئر بیس پہنچنے پر ریڈ کارپٹ پر امریکی ایئر فورس کے اعلیٰ عہدیدار نے شاندار استقبال کیا جس کے بعد وزیراعظم کا موٹرکیڈ امریکی سیکیورٹی کے حصار میں ایئربیس سے روانہ ہوا۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک گئے تھے جہاں وہ آج جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم کی گزشتہ روز عرب اسلامی سربراہی کانفرنس کے موقع پر بھی امریکی صدر سے ملاقات ہوئی تھی۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں