انڈین میڈیا کے مطابق تمنا بھاٹیہ اس وقت اپنی نئی ایمیزون پرائم ویڈیو کی سیریز ’ڈو یو وانا پارٹنر‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں جس میں انہوں نے ساتھی اداکارہ ڈیانا پینٹی کے ساتھ کام کیا ہے۔
حالیہ انٹرویو میں تمنا بھاٹیہ نے اس بارے میں کھل کر بات کی کہ وہ کس قسم کی لائف پارٹنر بننا چاہتی ہیں اور ان کی زندگی میں دوستوں کی کیا اہمیت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تمنا بھاٹیہ کے حوالے سے عبدالرزاق نے خاموشی توڑ دی
معروف اداکارہ نے کہا کہ میں ایک اچھی لائف پارٹنر بننے کی کوشش کر رہی ہوں، ایسی لائف پارٹنر بننا چاہتی ہوں کہ سامنے والا محسوس کرے اس نے پچھلے جنم میں کوئی اچھا کام کیا ہے اس لیے میں اس کی زندگی میں آئی، جو بھی خوش قسمت شخص ہوگا میں اس کیلیے کام کر رہی ہوں۔
تمنا بھاٹیہ اور ڈیانا پینٹی کی سیریز ’ڈو یو وانا پارٹنر‘ دو بہترین دوستوں کی کہانی ہے جو مل کر ایک کاروبار شروع کرتی ہیں اور کاروباری زندگی کے اتار چڑھاؤ کا سامنا کرتی ہیں۔
ڈیانا پینٹی بھی تمنا بھاٹیہ کے ساتھ انٹرویو میں شریک تھیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اس سیریز نے ان کے دوستوں کے ساتھ کام کرنے کے نقطہ نظر کو بدل کر رکھ دیا ہے۔
وہ کہتی ہیں کہ میں سوچتی تھی بہترین دوستوں کو کبھی کاروبار نہیں کرنا چاہیے اور میں یہ بات طویل عرصے تک مانتی رہی لیکن مجھے لگتا ہے اس سیریز کے بعد آپ دوستوں کے ساتھ کاروبار کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب، تمنا بھاٹیہ کہتی ہیں کہ انہوں نے اپنی بہترین دوست کو ساتھ کاروبار کرنے کیلیے قائل کرنے کی کوشش کی تھی لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔
’میں نے واقعی اپنی بہترین دوست کو ساتھ کاروبار کرنے کا مشورہ دیا لیکن وہ انکاری تھیں۔ میں اپنی بہترین دوست کو قائل نہیں کر سکی اور یہاں میں پرائم ویڈیو کے پلیٹ فارم پر موجود ہوں جہاں پورے ملک بلکہ بیرون ملک سب کو قائل کرنے کی کوشش کر رہی ہوں کہ اپنے بہترین دوستوں کے ساتھ کاروبار کریں۔