شرم الشیخ: مصر کے ساحلی شہر شرم الشیخ میں غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق مذاکرات کا آغاز ہو گیا ہے، جن میں اسرائیل اور حماس کے وفود شریک ہیں۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق حماس کا ایک وفد مصری شہر شرم الشیخ میں موجود ہے جہاں پر اسرائیل وفد کے حکام بھی موجود ہیں، مذاکرات کا مقصد غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کی تفصیلات طے کرنا ہے۔
مذاکرات میں اسرائیل اور حماس نے امریکی پیش کردہ امن منصوبے کو مشروط قبولیت دی ہے، تاہم چند اہم اختلافات ابھی بھی برقرار ہیں،جس میں فریقین نے جنگ بندی، یرغمالیوں کی رہائی اور انسانی امداد کی فراہمی کو بنیادی موضوعات کے طور پر زیر بحث لایا ہے مگر ابھی تک کوئی حتمی معاہدہ طے نہیں پایا۔
مصری اور قطری اہلکار دونوں فریقین کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے جس کے ذریعے معاہدے کا پہلا مرحلہ طے کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق امریکی حکام اور مصری ثالث، دونوں مذاکرات کو کامیاب بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، مگر سیاسی سطح پر فیصلہ سازی کے لیے فریقین کو اپنے داخلی مشورے مکمل کرنا باقی ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ آنے والے دنوں میں بات چیت میں مزید پیش رفت ہوگی۔
خیال رہے کہ غزہ کی پٹی کے بعض حصوں پر اسرائیلی بمباری تاحال جاری ہے۔