حماس کا اعلان: قائم شدہ خودمختار فلسطینی ریاست کو اپنے ہتھیار سونپ دیں گے
شائع شدہ تاریخ 06 اکتوبر, 2025
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق قاہرہ میں حماس اور ثالثوں کے مذاکرات میں نہایت اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جس میں حماس نے اپنے ہتھیار خودمختار فلسطینی ریاست کے حوالے کرنے کا عندیا دیا ہے، حماس نے کہا کہ امریکا کو ہتھیار ڈالنے سے متعلق اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔
حماس رہنما ابومرزوق نے کہا کہ غزہ کا مستقبل قومی مسئلہ ہے، صرف حماس فیصلہ نہیں کرے گی، منصوبے پر عمل کیلئے ثالثوں کے ذریعے تفصیلی مذاکرات ناگزیر ہیں۔
حماس کے سینئر رہنما خلیل الحیہ منظر عام پر آ گئے
انھوں نے کہا کہ حماس اپنی تحریک اور اسلحے سے متعلق تمام امور پر مذاکرات کرے گی، مذاکرات میں امن فوج کے ڈھانچے اور انتظامی پہلوؤں کے حوالے سے بھی بات ہوگی۔
حماس کے رہنما ابومرزوق کا مزید کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فلسطینیوں کے مستقبل کو مثبت انداز میں دیکھیں، غزہ کا کنٹرول فلسطینی اتھارٹی سے منسلک آزاد شخصیات کے حوالے کرنے پرمتفق ہیں۔
ابومرزوق نے کہا کہ قطر کے ذریعے امریکا سے اسرائیل کے مستقل انخلا کی ضمانتیں ملی ہیں، اسرائیلی بمباری میں ہلاک اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں جمع کررہے ہیں۔
رہنما حماس کا کہنا تھا کہ اسرائیلیوں کی لاشیں تلاش کرنے کیلئے اسرائیلی بمباری بند کرانے کی درخواست کی ہے، حماس قومی آزادی کی تحریک ہے، دہشتگرد تنظیم قرار دینا قبول نہیں ہے۔