تفصیلات کے مطابق پشاور ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل پشاور نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث گینگ کے اہم کارندے کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزم ایمل خان کو مردان سے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزم انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری میں سرگرم تھا اور اس کے خلاف کارروائی متاثرہ شہری کی شکایت پر عمل میں لائی گئی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم مختلف مریضوں کو غیر قانونی پیوندکاری کے دوران انتھیزیا لگاتا تھا اور اس مکروہ دھندے سے لاکھوں روپے بٹور چکا ہے۔
ابتدائی تفتیش مین بتایا گیا کہ ملزم پرائیویٹ اسپتالوں کا سہارا لے کر یہ غیر قانونی عمل انجام دیتا تھا جبکہ اس دھندے میں متعدد دیگر افراد اور سہولت کار بھی ملوث ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش کے بعد اس گینگ کے دیگر ملزمان اور سہولت کاروں کی گرفتاری بھی عمل میں لائی جائے گی۔
ترجمان نے کہا کہ ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان پیش کر کے اسے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
ایف آئی اے نے عوام سے اپیل کی کہ انسانی اعضاء کی غیر قانونی خرید و فروخت یا پیوندکاری سے متعلق کسی بھی اطلاع کے لیے فوری طور پر قریبی ایف آئی اے دفتر سے رابطہ کریں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ کسی کو بھی معصوم شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔