انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ ختم ہونے سے چند روز قبل ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس فارم میں تبدیلی سے متعلق وضاحت سامنے آ گئی ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر بتائی ہے، تاہم اس سے کچھ روز قبل ٹیکس فارم میں ایک اضافی کالم شامل کرنے کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کے مطابق، ٹیکس ریٹرن فارم میں اثاثوں کی مارکیٹ ویلیو ظاہر کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، لیکن ایف بی آر نے اس حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی نیا ایس آر او جاری نہیں کیا گیا۔ یہ نیا کالم 18 اگست کو فارم میں شامل کیا گیا تھا جس کا مقصد اثاثوں کی مارکیٹ ویلیو کی درست نشاندہی کر کے بہتر پالیسی سازی ممکن بنانا ہے۔
ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ اثاثوں کی مارکیٹ ویلیو کا تعین ٹیکس معاملات سے منسلک نہیں ہے اور اس بنیاد پر کسی ٹیکس دہندہ کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر مقرر ہے۔
تاہم، ٹیکس دہندگان نے تحفظات کا اظہار کیا ہے کہ جو لوگ پہلے ہی گوشوارے جمع کرا چکے ہیں، انہیں ممکنہ طور پر دوبارہ جمع کروانا پڑے گا کیونکہ نیا فارم اضافی کالم کے بغیر مکمل نہیں ہوگا۔