کراچی: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان نے کہا ہے کہ دبئی فیصلہ پی ڈی ایم کا فیصلہ نہیں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ نے اے آر وائی نیوز کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دبئی میں کیا گیا فیصلہ پاکستان اور پی ڈی ایم کا فیصلہ نہیں ہوگا۔
انھوں نے کہا ہمیں اعتراض دبئی میں ہونے والی ملاقات پر نہیں، بلکہ اس سے لاعلم رکھے جانے پر ہے، ہمیں ملاقات کی خبر بھی میڈیا کے ذریعے ملی۔ حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ جے یو آئی پی ڈی ایم کی اہم جماعت ہے، اسے اس طرح نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، نگران سیٹ اپ اور دیگر معاملات پر ہمیں اعتماد میں لینا چاہیے تھا۔
گزشتہ روز پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی دبئی میں آصف زرداری اور نواز شریف کی ملاقات پر تحفظات کا اظہار کیا تھا، انھوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ن لیگ کو پی ڈی ایم کو اعتماد میں لے کر دبئی میں ملاقات کرنی چاہیے تھی۔