تازہ ترین

ڈونلڈ ٹرمپ کا عاصم منیر کی تعریف پر اظہارِ فخر

Donald Trump expresses pride in Asim Munir's praise

مریکی صدر نے مزید کہا کہ اب تک وہ سات جنگیں ختم کرا چکے ہیں، جن میں پاکستان بھارت کی جنگ سب سے اہم تھی کیونکہ وہ ایٹمی جنگ کا امکان پیدا کر سکتی تھی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کی عسکری قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا میری خدمات کو سراہنا میرے لیے باعثِ فخر ہے۔

پاکستان ٹیلی ویژن کے مطابق، ٹرمپ نے واشنگٹن میں دنیا بھر کے 800 سے زائد امریکی فوجی جنرلوں سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ کچھ دن پہلے پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دو امریکی جنرلز کے سامنے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ رکوانے میں میرے کردار کی تعریف کی۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تعریف میرے لیے اعزاز ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل نے یہ کہا کہ میرے اقدامات نے لاکھوں جانیں بچائیں۔ یہ ان کا تبصرہ مجھے بہت پسند آیا۔

ٹرمپ نے اپنے خطاب میں دوبارہ ذکر کیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کی روک تھام ان کی کوشش تھی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک بڑے ایٹمی ممالک ہیں، اور پاک بھارت جنگ کے دوران 7 طیارے گرے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ اب تک وہ سات جنگیں ختم کرا چکے ہیں، جن میں پاکستان بھارت کی جنگ سب سے اہم تھی کیونکہ وہ ایٹمی جنگ کا امکان پیدا کر سکتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور عرب رہنما اُن کی امن تجاویز کو منظور کر چکے ہیں، اور یہ کہ وہ حماس کی طرف سے امن منصوبے کی منظوری کا انتظار کر رہے ہیں۔ اگر حماس نے امن تجاویز تسلیم نہ کیں، تو بہت افسوسناک انجام ہو سکتا ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ روسی صدر پوتن اور یوکرینی صدر زیلنسکی کو بھی مذاکرات کی میز پر لانا چاہتے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں