دبئی میں کھیلے گئے ہائی وولٹیج مقابلے کو بھارت نے یکطرفہ بناتے ہوئے پاکستان کو زیر کر دیا۔ گرین شرٹس کے 128 رنز کے ہدف کو بھارت نے صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کی۔
پاکستانی بلے بازوں کے بعد بولرز بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے۔ فاسٹ بولرز کے ساتھ ساتھ اسپنرز بھی کمال نہ دکھا پائے۔
بھارت نے 128 رنز کا ہدف 16ویں اوور میں پورا کر دیا۔ کپتان سوریا کمار یادیو 47 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ ابھیشیک شرما اور تلک ورما نے 31،31رنز اسکور کیے۔ بھارت کی تینوں وکٹیں صائم ایوب نےحاصل کیں۔
میچ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ہاتھ نہیں ملایا، ٹاس کے موقع پر کپتان ایک کے دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوئے لیکن ہاتھ ملانے سے گریز کیا۔ میچ کے اختتام پر بھی عمومی طور پر سخت حریف بھی رسمی ہاتھ ملاتے ہیں لیکن بھارتی بلے باز میچ ختم ہوتے ہی میدان سے باہر چلے گئے اور پاکستان کھلاڑی میدان سے اکٹھے ہو کر باہر آئے۔
پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔ پاکستانی بیٹنگ بھارتی بولنگ کے سامنے ریت کا دیوار ثابت ہوئی اور شاہین شاہ کی آخری اوورز میں 16 گیندوں پر ناقابل شکست 33 رنز کی اننگ نے اسکور 127 رنز تک پہنچا کر ٹیم کو بڑی شرمندگی سے بچایا۔