تفصیلات کے مطابق چین کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان کے دو جہاز پاکستان پہنچ گئے، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بتایا کہ امدادی سامان میں 300 خیمے اور 9 ہزار کمبل شامل ہیں۔
اسلام آباد میں امدادی سامان کی حوالگی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر امیر مقام، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر اور چین کے سفیر نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ چین کی بروقت امداد پاک چین کی لازوال دوستی کا عملی ثبوت ہے، مشکل کی ہر گھڑی میں چین نے پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں، چین نے کبھی بھی مشکل وقت میں پاکستان کو اکیلا نہیں چھوڑا۔