لاہو: آٹے کی قیمت کا اوپن مارکیٹ سے تعین ہونے سے ہر ضلع کا اپنا نرخ ہوگیا، لاہور ڈویژن میں آٹا6روپے کلو مہنگا رہے گا،ذرائع نے انکشاف کیا کہ محکمہ خوراک نے 45 لاکھ میٹرک ٹن کے ہدف میں سے 40 لاکھ 50ہزار ٹن ہدف مکمل کر لیا، صوبے میں گندم کے وافر ذخائر ہونے کے باوجود محض خریداری ہدف پورا کرنے کیلئے فلور ملوں کو گندم نہ خریدنے دی گئی، پچھلے سال 960ملوں کے پاس جون ،جولائی اور اگست کیلئے 15 سے 20 لاکھ ٹن کے ذخائر موجود تھے جبکہ موجودہ صورتحال میں کسی بھی سٹیک ہولڈرکے پاس گندم کے دو دن کے بھی ذخائر موجود نہیں ، گندم خریداری کا سرکاری ہدف پورا کرنے کیلئے پنجاب میں ہیجانی کیفیت اگلے 10روز تک برقراررکھی جائے گی، ذخیرہ اندوزی آرڈیننس کے باوجود گندم کا نرخ مستحکم نہ کیا جاسکا، محکمہ خوراک نے ناقص پالیسی چھپانے کیلئے فلورملز کو مورد الزام ٹھہرانا شروع کردیا، ذرائع نے انکشاف کیا کہ لاکھوں میٹرک ٹن گندم آڑھتیوں اور زمینداروں نے سٹاک کررکھی ہے ، نو ڈویژنل منڈیوں میں آڑھتیوں کے پاس لاکھوں ٹن گندم موجود ہے ، ذخائر چھپائے جارہے ہیں ، اوپن مارکیٹ میں گندم ریٹ کوقابو کرنا محکمہ کی ذمہ داری ہے لیکن قیمت مستحکم نہ ہوسکی،ڈائریکٹر فوڈ پنجاب واجد علی شاہ نے کہا گندم خریداری کا ہدف پورا ہونے کے قریب ہے ، ایک دو روز میں صورتحال بہتر ہو جائیگی،فی الحال ہر ضلع میں گندم کے اوپن مارکیٹ ریٹ سے آٹے کی قیمت کا تعین ہو گا۔