تازہ ترین

گرین کارڈ کے خواہشمند افراد متوجہ ہوں، اہم اعلان سامنے آگیا

گرین-کارڈ-کے-خواہشمند-افراد-متوجہ-ہوں،-اہم-اعلان-سامنے-آگیا

وہ لوگ جو دنیا کی واحد سپر پاور ملک امریکا جانا اور گرین کارڈ حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں ان کے لیے بڑی خبر آ گئی ہے۔

دنیا کے بیشتر ممالک کے شہری بالخصوص نوجوان طبقہ تعلیم، روزگار اور بہتر مستقبل کے لیے امریکا جانے، گرین کارڈ حاصل کر کے وہیں جا بسنے کے خواہشمند ہوتے ہیں۔ ایسے ہی افراد کے لیے امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے اہم خبر سامنے آئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے ڈائیورسٹی ویزا لاٹری رجسٹریشن کے لیے ایک ڈالر فیس متعارف کرائی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ پہلا موقع ہوگا کہ اس پروگرام میں رجسٹریشن کرانے والے افراد سے ایک ڈالر فیس چارج کی جائے گی۔ تاہم یہ اس 330 ڈالر کی فیس سے علیحدہ ہوگی، جو منتخب درخواست دہندگان سے وصول کی جائے گی۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق اس فیس کا اطلاق اگلے ماہ 16 اکتوبر سے ہوگا۔ لاٹری پروگرام میں رجسٹریشن کرانے کے خواہشمند افراد کو امریکی حکومت کی سرکاری ویب سائٹ پر اپنا الیکٹرانک اندراج کراتے وقت ایک ڈالر فیس حکومت کے ایک مجاز پورٹل کے ذریعہ ادا کرنا ہوگی، جو ناقابل واپسی ہوگی۔

ڈائیورسٹی ویزا لاٹری پروگرام کے ذریعہ ہر سال 55 ہزار تک تارکین وطن کے ویزے فراہم کرتی ہے خاص طور پر ان ممالک کے درخواست دہندگان جن کی امریکا میں امیگریشن کی سطح کم ہے۔

ڈی وی لاٹری (گرین کارڈ لاٹری) کے لیے تقریباً دنیا بھر سے 25 ملین سالانہ رجسٹریشن ہوتی ہے۔ ایک ڈالر کی فیس لاگو کرنے سے ڈی وی لاٹری کے آپریشن اخراجات کے لیے تقریباً 25 ملین ڈالر سالانہ آمدنی متوقع ہے، جس میں سسٹم اپ گریڈ، ڈیٹا اکٹھا کرنا اور سیکیورٹی کے جائزے شامل ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ فیس کے طریقہ کار سے تھرڈ پارٹی جعلسازوں کی دھوکا دہی کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ جب کہ نئی فیس کے نتیجے میں ڈائیورسٹی ویزا لاٹری کی مجموعی مانگ میں قدرے کمی آئے گی۔ بالخصوص محدود وسائل یا معاشی مواقع والے ممالک سے درخواست دینے والوں کے لیے نئی فیس کی ادائیگی مشکلات ڈال سکتی ہے۔

اگر آپ 2027 DV لاٹری یا مستقبل کی گرین کارڈ لاٹری میں رجسٹریشن چاہتے ہیں تو نئی فیس کی ادائیگی کے لیے امریکی حکومت کے ادائیگی کے پورٹل کے الیکٹرانک ادائیگی کے طریقہ کار سے مکمل آگہی حاصل کریں۔

رجسٹریشن کے لیے سرکاری چینلز بالخصوص امریکی حکومت کی سرکاری ویب سائٹ کے ذریعہ رجسٹر ہوں۔ تھرڈ پارٹی سائٹس سے ہوشیار ہیں۔

اس کے ساتھ یہ بھی یقینی بنائیں کہ تاخیر سے بچنے کے لیے رجسٹریشن کے آغاز سے قبل آپ کے پاس تمام مطلوبہ دستاویزات اور ڈیجیٹل تصاویر ہوں۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں