کراچی: اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ ویسے تو قومی ٹیم کے اور نوجوان پلیئرز میرے اچھے دوست ہیں لیکن میچ کے دوران گراؤنڈ میں میرا کوئی دوست نہیں ہوتا۔ ایک انٹرویو میں شاداب خان نے کہا کہ حسن علی سمیت کسی کو گراؤنڈ میں اپنا دوست نہیں سمجھتا، گراؤنڈ کے باہر دوستی رکھتا ہوں میچ کے دوران صرف کھیل پر توجہ ہوتی ہے۔جب ان سے پوچھا گیا کہ گزشتہ سیزن میں پشاور زلمی نے آپ کو ہرا کر ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کردیا تھا تو کیا بدلہ لیں گے؟ جس پر کپتان نے کہا کہ پشاور سمیت ہر ٹیم سے بدلہ لیں گے، سب ٹیموں کے خلاف ڈٹ کر کھیلیں گے اور گزشتہ ہار کا بدلہ ضرور لیں گے۔ پی ایس ایل کے کم عمر ترین کپتان بننے پر شاداب خان نے کہا کہ یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ دو بار کی چیمپئن ٹیم کا کپتان ہوں، پہلا اور تیسرا سیزن جیتا تھا، پوری کوشش ہوگی کہ پانچواں سیزن بھی جیتیں۔کپتانی کے دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ میں کبھی کسی چیز کا پریشر نہیں لیتا، جو مقدر میں ہو وہی ہوتا ہے اس لیے کوئی ٹینشن لینے کی ضرورت نہیں۔ پاکستان سپرلیگ کو دنیا کی دیگر لیگز سے بہتر قرار دیتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ بہت سے لیگز کھیلی ہیں لیکن پی ایس ایل کا اسٹینڈر سب سے اچھا ہے، یہاں ہر ٹیم کے پاس تیز رفتار بولرز ہیں جن کی بولنگ اسپیڈ 140 سے اوپر ہے جب کہ دیگر لیگز میں بولنگ کا ایسا معیار نہیں ہے۔