راولپنڈی میں خوراک کی قلت نہیں، مخیر حضرات آگے آئیں، کپڑے ، چادریں، تکیے اور کمبل جمع کرائیں:ڈپٹی کمشنر انوارالحق راولپنڈی: ڈپٹی کمشنر راولپنڈی انوارالحق نے کہاہے کہ ضلعی انتظامیہ نے کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر لیاقت باغ سپورٹس کمپلیکس میں ویئرہاؤس قائم کردیا گیاہے ، مخیر حضرات آگے آئیں اور کھانے پینے کی اشیاء، کپڑے ، چادریں، تکیے اورکمبل سمیت عطیات جمع کرائیں۔ عوام کورونا وائرس کے خاتمے کیلئے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں۔ راولپنڈی میں خوراک کی قلت نہیں، کھانے پینے کی تمام اشیاء وافر موجود ہیں۔ مارکیٹس، ریسٹورنٹس ، شاپنگ مالز اورپارکس وغیرہ مزید 14روز بند رہیں گے تاہم کریانہ ومیڈیکل سٹورز، پھل و سبزی اوردودھ و دہی کی دکانیں کھلی رہیں گی۔ عوام اجتماعات والی جگہوں پر نہ جائیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے’’دنیا‘‘ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ ڈی سی انوارالحق نے کہاکہ راولپنڈی ضلع بھر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس متحرک ہیں تاکہ مصنوعی قلت یا مہنگائی نہ ہوسکے ۔ انہوں نے کہاکہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی یا گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔