کوئٹہ: کوئٹہ کے ایک آرٹسٹ کا کورنا وائرس سے بچاؤ کے لئے لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لئے انوکھاانداز، اپنے گھر کے باغچےکوآرٹ گیلری میں تبدیل کر دیا۔ کورنا وائرس نے لوگوں کو خوفزدہ کر کے انہیں گھروں تک محدود کر دیا ہے۔ ایسے میں کوئٹہ کے ایک مصور نے خود کو اپنے گھر میں کورنٹنائن کر کے لوگوں میں اس موذی وائرس سےبچنے کی غرض سےآگاہی و شعور اجاگر کرنے کے لئے پینٹینگز بنائیں جن میں خواتین بچوں اور مردوں کو ماسک پہنے دکھایا گیا ہے۔ موجودہ حالات میں آرٹ گیلری کے میسر نہ ہونے پر اپنے گھر کے باغچے کو اوپن آرٹ گیلری میں بدل دیا۔ باغیچے کے پر فضاء ماحول میں دیدہ زیب پینٹنگز کو منفرد انداز میں پھولوں اور کیاریوں میں سجایا گیا۔ جسے دیکھنے والے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہے پائے۔ بچوں نے بھی اپنی طرزکی واحد نمائش میں خاصی دل چسپی ظاہرکی۔ بڑوں نے پیغام و آگاہی سے بھرپور پینٹنگز کو انوکھے انداز میں ڈس پلے کرنے پر خوب سراہا۔ نمائش دیکھنے والوں پر لازم تھا کہ وہ سماجی فاصلے کا خیال رکھیں اور بیک وقت تین سے زیادہ افراد کے باغچے میں داخلے پر بھی پابندی تھی۔