تازہ ترین

کوئٹہ کے قمبرانی روڈ پر دھماکا، 3 افراد زخمی

کوئٹہ-کے-قمبرانی-روڈ-پر-دھماکا،-3-افراد-زخمی

صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے قمبرانی روڈ پر بشیر چوک کے نزدیک ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ریسکیو ٹیمز جائے وقوع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کو طبی امداد دی جاری ہے۔ دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے ادارے دھماکے کی نوعیت کا اندازہ لگا رہے ہیں۔ خیال رہے کہ صوبہ بلوچستان کئی برسوں سے بدامنی کا شکار ہے اور یہاں اکثر سیکیورٹی فورسز پر حملے، دھماکے سمیت تخریب کاری کے مختلف واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔ چند روز قبل ہی ضلع چمن میں یومِ یکجہتی فلسطین کے موقع پر نکالی گئی ایک ریلی پر ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے تھے۔ 28 اپریل کو ضلع قلعہ عبداللہ میں ریموٹ کنٹرول دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے تھے اس سے قبل گزشتہ ماہ 21 تاریخ کو کوئٹہ کے سرینا ہوٹل کی پارکنگ میں ہوئے بم دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے تھے۔ جس کے بارے میں وزیر داخلہ شیخ رشید نے دعویٰ کیا تھا کہ ہوٹل پارکنگ میں ہونے والا دھماکا خود کش تھا جس کے لیے 60 سے 80 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔ قبل ازیں رواں برس فروری میں کوئٹہ میں ڈی سی آفس کے قریب انسکومب روڑ پر بم دھماکے سے 2 افراد جاں بحق اور 5 شہری زخمی ہوگئے تھے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں