تازہ ترین

کراچی میں پولیس پر 2 حملے، کوئی حملہ آور پکڑا نہیں جا سکا

کراچی-میں-پولیس-پر-حملے،-کوئی-حملہ-آور-پکڑا-نہیں-جا-سکا

کراچی (15 ستمبر 2025): شہر قائد میں گزشتہ رات پولیس اہلکاروں پر دو حملے ہوئے، جن میں کوئی بھی حملہ آور پکڑا نہیں جا سکا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان عرفات میں مسلح ملزمان نے پولیس موبائل پر فائرنگ کی، اور پھر پولیس اہلکار اسحاق کو اغوا کر لیا، تاہم کچھ دیر بعد وہ آن لائن رائیڈر کے ذریعے تھانے پہنچ گیا، ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ مشکوک کار کی چیکنگ کے دوران پیش آیا۔

ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ڈیفنس خیابان عرفات میں مشکوک گاڑی کو تلاشی کے لیے روکا گیا تھا، تاہم گاڑی کے قریب کھڑے شخص نے ایک پولیس اہلکار کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنایا اور فرار ہو گئے، پولیس کار میں 3 اہلکار سوار تھے، تاہم واقعے کے 4 گھنٹے گزر جانے کے بعد اغوا کاروں نے پولیس اہلکار اسحاق کو نیو سبزی منڈی اتارا اور فرار ہو گئے۔

ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق متاثرہ اہلکار کے دیگر دو ساتھیوں سے بیانات لیے جا رہے ہیں، ملوث ملزمان کی تاحال گرفتاری نہیں ہو سکی ہے، سی سی ٹی وی فوٹیجز کے ذریعے ملزمان کی تلاش میں چھاپے مار کارروائی جاری ہے۔

دوسری طرف کراچی کے علاقے گذری خیابان بخاری میں پولیس موبائل پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، تنہا ملزم کی پولیس موبائل پر فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، اکیلا ملزم درخت کی آڑ میں پولیس موبائل کے آنے کا انتظار کرتا رہا، قریب پہنچتے ہی ملزم نے پولیس موبائل پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، اور بھاگتے بھاگتے موبائل پر فائرنگ کی، فائرنگ سے پولیس موبائل میں سوار اہلکار خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔ ملزم فائرنگ کرتے ہوئے بہ آسانی فرار ہو گیا۔

ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق گذری میں پیش آنے والا واقعہ شفٹ کی تبدیلی کے دوران پیش آیا، متاثرہ موبائل میں ایک اہلکار موجود تھا جو دوسرے اہلکارکو لینے جا رہا تھا، جب فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا، ملزم پکڑا نہیں جا سکا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ گذری میں پیش آنے والے واقع میں نائن ایم ایم پستول کے 12 خول ملے ہیں، جب کہ ساحل تھانے کی حدود میں ہونے والے واقع میں نائن ایم ایم اور 30 بور کے 6 خول ملے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں