امن عمل آگے بڑھانے کیلئے جنگ بندی ، طالبان کے ٹھکانوں کو سنجیدگی سے لیاجائے :اشرف غنی،امن افغان عوام کی ترجیح :عبد اللہ عبد اللہ کابل: افغان امن عمل کی بحالی کیلئے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے افغان رہنماؤں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور تشدد کم کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ۔افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کے دوران پائیدار امن معاہدے کی تکمیل کیلئے جنگ بندی اور بیرون ملک طالبان کے ٹھکانوں سے نمٹنے جیسے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔صدر غنی نے امریکی مذاکرات کا ر سے کہا امن عمل آگے بڑھانے کیلئے جنگ بندی اور طالبان کے ٹھکانوں کو سنجیدگی سے لینا چاہئے ۔افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبد اللہ عبد اللہ سے ملاقات میں زلمے خلیل زاد نے امن کے حصول کیلئے کی جانیوالی کوششوں پر گفتگو کی ،اس موقع پر عبداللہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ امن افغان عوام کی ترجیح ہے اور یہ کہ افغان حکومت امن تک پہنچنے کی کوششوں کی حمایت کرتی ہے ۔ انہوں نے تشدد کے خاتمے پر زور دیا ۔انہوں نے طویل المدت امن کیلئے انٹرا افغان مذاکرات کی فوری بحالی پر بھی زور دیا۔ادھر افغانستان میں جاری آپریشن کلین اپ کے دوران سکیورٹی فورسز نے صوبہ زابل میں 8طالبان شدت پسندوں کو ہلاک کردیا ۔ اے این اے کے سینئر کمانڈر نے بتایا کہ جھڑپ میں سکیورٹی فورسزاور عام شہریوں کانقصان نہیں ہوا ۔زابل پولیس نے 8بارودی سرنگیں ناکارہ بنانے کا دعویٰ کیا ۔