اگرچہ ای میلز کے ذریعے اٹیچمنٹس بھیجنا کافی آسان ہے لیکن جب بات کئی جی بی ڈیٹا بھیجنے کی ہو تو یہ ای میل کے بس کی بات نہیں رہتی۔ڈراپ باکس کے نئے فیچر ڈراپ باکس ٹرانسفر نے اس کام کو بھی آسان کر دیا ہے۔ ڈراپ باکس ٹرانسفر کے استعمال سے صارفین چند کلکس میں 100 جی بی تک کی فائلیں شیئر کر سکیں گے۔یہ گنجائش دوسری سروسز کی فراہم کردہ گنجائش سے 5 گنا زیادہ ہے۔سب سے اہم بات یہ ہے کہ صارفین کو ڈراپ باکس ٹرانسفر سے فائلیں وصول کرنے کے لیے ڈراپ باکس اکاؤنٹ کی ضرورت بھی نہیں پڑے گی۔ صارفین ایک لنک کی مدد سے ٹرانسفر سے فائلیں ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔ ڈراپ باکس کے مطابق فائلیں ٹرانسفر کرنے کا سارا عمل بہت سادہ اور مکمل طور پر خودکار ہے۔صارفین کو ڈریگ اینڈ ڈراپ سے اپنے کمپیوٹر سے فائلیں اپ لوڈ کرنی ہونگی یا اپنے ڈراپ باکس فولڈر سے فائلوں کو منتخب کرنا ہوگا۔ اس کے بعد ایک لنک جنریٹ ہوگا، جسے کہیں بھی پیسٹ یا شیئر کیا جا سکے گا۔ اس لنک کو ڈراپ باکس ٹرانسفر ای میل کے ذریعے بھی بھیجا جا سکتا ہے۔ڈراپ باکس ٹرانسفر سے فائل وصول کرنے والے کو فائلوں کی کاپی ملے گے جبکہ اصل فائلیں ڈراپ باکس ٹرانسفر میں موجود رہیں گی۔ صارفین ڈراپ باکس ٹرانسفر سے فائلیں بھیجتے ہوئے لنک شیئر کرنے کے بعد بھی اسے کسٹومائز کر سکیں گے یعنی صارفین لنک کی ایکسپائری کا تعین کر سکیں گے۔فائلیں ڈاؤن لوڈ کیے جانے کا نوٹی فیکیشن حاصل کر سکیں گے اورجان سکیں گے کہ اُن کے بھیجے گئے لنک تک کتنی بار رسائی حاصل کی گئی ہے۔ ڈراپ باکس ٹرانسفر اس وقت بیٹا ورژن میں دستیاب ہے۔ اسے صرف مخصوص صارفین کے لیے جاری کیا گیا ہے۔ جلد ہی اسے تمام ڈراپ باکس صارفین کے لیے جاری کر دیا جائے گا۔