ڈاکٹر اکمل وحید کو لاپتہ کرنا ماورائے عدالت اقدام ہے، حافظ نعیم
شائع شدہ تاریخ 25 اکتوبر, 2019
کراچی امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ڈاکٹر اکمل وحید کی ایک بار پھر اچانک گمشدگی اور لاپتہ ہونے پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک ماورائے عدالت اقدام قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ آئین و قانون سے ماورااقدامات کی ہم مذمت کرتے ہیں ،ڈاکٹر اکمل کو ٗفوری بازیاب کرایا جائے،ماورائے عدالت گرفتاریوں کی کارروائیاں کسی بھی مہذب اور جمہوری معاشرے میں قبول نہیں کی جاسکتی ،کسی بھی شخص نے اگر کوئی جرم کیا ہے یا خلاف قانون کوئی کام کیا ہے تو اس کے خلاف مقدمہ درج کیا جانا چاہئے اور اسے عدالت میں پیش کیا جانا چاہئے اس طرح سے لاپتہ کرنے اور حراست میں لے کر کوئی اطلاع نہ دینا متاثرہ خاندان کے لیے انتہائی تکلیف دہ ہے ،اکمل وحید کے اہل خانہ کے اندر بھی شدید بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے ۔ان کی اہلیہ کے مطابق وہ پیر کی شام سے اپنی گاڑی اور موبائل سمیت لاپتہ ہیں۔