فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین شبر زیدی کل (پیر کو) فیصل آباد آئیں گے جبکہ ان کی آمد پر ظالمانہ بجٹ اور بے جا ٹیکسوں کے خلاف فیصل آباد کے تاجروں نے متفقہ طور پر 8-9 جولائی کوشٹرڈائون ہڑتال کا اعلان کر دیا‘ اس سلسلہ میں ہنگامی اجلاس سٹی کلاتھ بورڈ کے آفس میں ہوا جس میں سپریم انجمن تاجران کے چیئرمین و سابق ڈپٹی میئر محمد امین بٹ‘ صدر جاوید ظفر‘ سٹی کلاتھ بورڈ کے صدر شیخ امجد عقیل جنرل سیکرٹری عباس حیدر شیخ کے علاوہ شہر بھر کی مارکیٹ کے منتخب عہدیداروں نے شرکت کی‘اور متفقہ طور پر 8-9 جولائی بروز سوموار اور منگل کو مکمل شٹر ڈائون ہڑتال کا اعلان کر دیا‘ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سپریم انجمن تاجران کے چیئرمین و سابق ڈپٹی میئر محمد امین بٹ‘ صدر جاوید ظفر‘ سٹی کلاتھ بورڈ کے صدر شیخ امجد عقیل جنرل سیکرٹری عباس حیدر شیخ نے کہا کہ موجودہ حکومت تاجروں پر جو ظلم ڈھا رہی ہے تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی‘ بے جا ٹیکسوں سے ہمارے کاروبار تباہ ہو گئے ہیں اور تاجروں میں خوف طاری ہو گیا ہے‘ یہ حکومت تاجروں سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہی ہے اور ہمارے بچوں سے نوالہ چھیننے کی درپے ہے مگر تاجر متحد ہیں ہم اپنے حق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے اور اپنا حق چھین لیں گے‘ انہوں نے کہا کہ تاجر ٹیکس دینا چاہتے ہیں مگر بے جا ٹیکس نہیں دیں گے‘ انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ تاجروں پر لگائے گئے بے جا ٹیکسز ختم نہ کئے گئے تو ہم اپنے احتجاج کی دائرہ وسیع کریں گے اور اس وقت تک ہڑتال جاری رکھیں گے جب تک ہمارے مطالبات نہیں مان لئے جاتے‘ اجلاس میں موجود تمام تاجروں نے ہڑتال کی حمایت کی اور کہا کہ ہم اپنے قائدین کے شانہ بشانہ ہے ۔ علاوہ ازین فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین شبر زیدی سوموار کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری آرہے ہیں اس سلسلہ میں صدر سید ضیاء علمدار حسین نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے پلیٹ فارم پر ہر شعبے کو اپنے تحفظ کیلئے آواز بلند کرنے کا اختیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بجٹ کے اعلان سے قبل ہی تاجروں کے مسائل بارے حکومت کو آگاہ کر تے رہے ہیں ۔اس سلسلہ میں تاجر نمائندوں سے تجاویز طلب بھی کی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حالات کے پیش نظر یہاں نو ٹیکس ، نو ری فنڈ زیادہ مناسب ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بجٹ بارے لوگوں کے مسائل سننے کیلئے ایف بی آر کے چیئرمین سوموار کو فیصل آباد آرہے ہیں وہ چاہتے ہیں کہ یہاں کے منتخب نمائندے اس اجلاس میں فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی کی نمائندگی کا حق ادا کریں