تازہ ترین

پی ایس ایل7: ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو شکست دے دی

پی-ایس-ایل7:-ملتان-سلطانز-نے-کراچی-کنگز-کو-شکست-دے-دی

لاہور:پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے دوسرے مرحلے میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو سات وکٹوں سےشکست دے دی ہے۔ ملتان سلطانز نے 175 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کیا، محمد رضوان 76 رنز بناکر نمایاں رہے۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں6 وکٹوں پر 174 رنز بنائے، جو کلارک 40 رنز بناکر نمایاں رہے۔ کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم صرف 2 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ شرجیل خان بھی  34 گیندوں پر 36 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔  جو کلارک 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے،اس کے علاوہ قاسم اکرم 13، روہیل نذیر اور محمد نبی 21، 21 رنز بناسکے۔ کراچی کنگز کےسابق کپتان عماد وسیم 16گیندوں پر 32 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے شاہنواز دھانی نے 2 جبکہ رومان رئیس، عمران طاہر ،خوشدل شاہ اور مزربانی نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔ 175 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سلطانز کا آغاز اچھا رہا اور دونوں اوپنرز محمد رضوان اور شان مسعود کے درمیان 100 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی، تاہم شان 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ملتان کو دوسرانقصان کپتان رضوان کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 56 گیندوں پر 76 رنز بناکر پویلین لوٹے ، اس کے علاوہ ٹِم ڈیوڈ 13 رنز بناسکے۔ تاہم اختتام اوورز میں خوشدل شاہ اور روسو کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت ملتان سلطانز نے کراچی کو شکست دے دی۔ خوشدل شاہ 9 گیندوں پر 21 جبکہ روسو 5 گیندوں پر 14 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں