پنجاب اسمبلی میں (ن) کی کنول لیاقت کی جانب سے پولیس تشدد سے ہلاکتوں میں اضافے کے خلاف قرارداد جمع کرائی گئی۔ قرارداد کے متن کے مطابق پولیس تشدد سے ہلاکتوں میں اضافے کے باعث پنجاب پولیس پرعوام کا اعتماد اٹھ گیا ہے، پچھلے 8 ماہ میں لاہورشہر میں پولیس حراست میں 7 افراد کی ہلاکتیں سوالیہ نشان ہیں۔ قرارداد کے مطابق گجرپورہ تھانہ کے مبینہ ٹارچر سیل کے بعد شمالی چھاؤنی تھانہ سمیت کئی دیگر تھانوں کی حدود میں قائم ٹارچر سیل غیر قانونیت اورانسان دشمنی کی کھلی مثالیں ہیں، پولیس گردی کے ہاتھوں شہریوں کی ہلاکت کی واقعات نے پچھلے دس سالہ ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔ متن میں مطالبہ کیا گیا کہ ہلاکتوں کے ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔