اختتا می تقریب ڈاکیارڈ میں ہوئی، چین کے وائس ایڈمرل ڈانگ ژن مہمان خصوصی تھے بیڑے اور میرین فورس نے بحیرہ عرب میں بحری سرگرمیوں کا کامیاب مظاہرہ کیا کراچی: پاکستانی اور چینی بحریہ کے مابین جاری دوطرفہ مشق سی گارڈینز2020 کی اختتا می تقریب گزشتہ روز پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر چینی بحریہ کی جنوبی تھیٹر کمانڈ کے ڈپٹی کمانڈر وائس ایڈمرل ڈانگ ژن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل آصف خالق بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کے دوران وائس ایڈمرل آصف خالق نے مشق سی گارڈینز 2020 میں شرکت اور مشترکہ تعاون کے لئے چینی جنوبی تھیٹر کمانڈ کا شکریہ ادا کیا، جبکہ انہوں نے دونوں ممالک میں بالعموم اور دونوں بحری افواج کے مابین بالخصوص قائم خوشگوار تعلقات کا بھی ذکر کیا۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ نے مشق سی گارڈینز2020 کے پیشہ ورانہ انعقاد پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا جو کہ دونوں بحری افواج کے لئے فائدہ مند رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشق کے انعقاد سے دونوں ملکوں کی بحریہ کے مابین دو طرفہ پیشہ ورانہ تجربات کے تبادلے میں مدد ملے گی جس سے خطے میں محفوظ میری ٹائم ماحول کے قیام میں معاونت حاصل ہوگی۔ قبل ازیں چینی بحریہ کی جنوبی تھیٹر کمانڈ کے ڈپٹی کمانڈر وائس ایڈمرل ڈانگ ژن نے امید ظاہر کی کہ اس مشق سے دونوں ممالک کے مابین قائم دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔ مشق کے دوران پاکستانی اور چینی بحریہ کی جنوبی تھیٹر کمانڈکے جہازوں پر مشتمل بیڑے اور میرین فورس کے اہلکاروں نے بحیرہ عرب میں مختلف بحری سرگرمیوں کا کامیاب مظاہرہ کیا۔