تازہ ترین

پاک فوج سمیت ہر ادارے نے گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے اقدامات کیے، حماد اظہر

پاک-فوج-سمیت-ہر-ادارے-نے-گرے-لسٹ-سے-نکلنے-کیلئے-اقدامات-کیے،-حماد-اظہر

پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کا کہنا ہے کہ دیگر اداروں کی طرح پاک فوج نے بھی پاکستان کو گرے لسٹ سے نکلوانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، فیٹف گرے لسٹ سے ملک کو نکالنے کے اصل ہیرو محکموں میں بیٹھے افسران اور عملہ ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے کہا کہ ہمارے قوانین اب دنیا کے معیارات کے مطابق ہیں، منی لانڈنگ کم کرنے اور غیر ملکی زرمبادلہ کو بڑھانے کیلئے ہم نے کام کیا، فیٹف گرے لسٹ سے ملک کو نکالنے کے اصل ہیرو محکموں میں بیٹھے افسران اور عملہ ہے، عدلیہ اور سیکیورٹی اداروں کا اس کامیابی میں بڑا کردار رہا۔ حماد اظہر نے کہا کہ اکتوبر میں اکثریتی ممالک نے ووٹ دیا کہ پاکستان نے تمام نکات پر عمل کرلیا ہے، ملک میں اب فیٹف کا مکمل سیکریٹریٹ موجود ہے، فیٹف کے سسٹم کی وجہ سے ہم نے بڑی تعداد میں بے نامی اکاونٹس پکڑے، گرے لسٹ سے نکلنے سے دنیا کو پیغام جائے گا کہ ہمارا لیگل اور بینکنگ سسٹم محفوظ ہے، گرے لسٹ سے نکلنے کے بعد ہمیں فیٹف کی ممبرشپ فوری طور پر لینی چاہیے، فیٹف کا رکن بننے کے بعد ہی ہم دیگر ممالک میں فیٹف قوانین کی خلاف ورزی پر آواز اٹھا سکیں گے۔ ایف اے ٹی ایف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ آج فیٹف کے حوالے سے خوشی کا دن ہے، دنیا سمجھ رہی تھی کہ پاکستان کو بلیک لسٹ میں جانے سے کوئی روک نہیں سکتا، عمران خان نے گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کیساتھ ملکر مربوط اقدامات کیے۔ ہمارے دور میں ہی فیٹف کے تمام نکات پر عمل کرلیا گیا تھا۔ اہم کامیابی پر پی ٹی آئی دور حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ تحریک انصاف کے اقدامات کی وجہ سے اب رزلٹ سامنے آیا ہے، فیٹف کی ٹیم ہماری حکومت کی توقعات کے مطابق اب پاکستان آرہی ہے۔ اس وقت ہمارے اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات ہماری ایکسپورٹس سے بھی زیادہ ہیں، یہ ظلم ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں سے ٹیکس تو لیں لیکن انہیں ووٹ کا حق نہ دیا جائے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں