پاکستان کوسٹ گارڈزکی جانب سے ماہی گیروں میں فری راشن اور طبی امداد کی فراہمی جاری ہے۔ کراچی: ترجمان پاکستان کوسٹ گارڈزکے مطابق اب تک 991 کشتیوں اور ان میں موجود 15,733 ماہی گیروں کی سمندر کے اندر کورونا وائرس کے حوالے سے اسکریننگ کی گئی اور ان میں سے مشتبہ افراد کو اسپتال میں علاج کے لیے منتقل کیاگیا، کراچی کے ساحلی علاقے منوڑہ، ابراہیم حیدری اور بنگالی پاڑہ میں 1400 غریب ماہی گیر گھرانوں میں فری راشن کی فراہمی میں مددکی گئی اور کورونا وائرس کے حوالے سے طبی امداد اور ہدایات بہم پہنچائی گئیں۔ یہ اقدام مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کوسٹ گارڈز کے آفیسرز اور جوانوں کا اپنے ہم وطنوں سے جذبہ ہمدردی اور خیر سگالی کا پیغام ہے، پاکستان کوسٹ گارڈز اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ آئندہ بھی اپنے ہم وطنوں کی خدمت کے لئے تمام وسائل برو ئے کار لاتے ہوئے خدمات فراہم کرتی رہے گی۔