چیئرمین پی ٹی اے نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی موبائل سمز کی تفصیلات، شناختی کارڈ کی کاپی، ٹریول ہسٹری کی معلومات ڈارک ویب پر موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جتنے لوگوں نے حج کے لیے اپلائی کیا تھا سب کا ڈیٹا بھی ڈارک ویب پر موجود ہے، پانچ سو روپے دے کر کسی بھی شخص کا ڈیٹا لیا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2022 میں اس پر پی ٹی اے نے اندرونی انکوائری کی تھی، اس پر ابھی وزارت داخلہ نے انکوائری شروع کردی ہے۔
چیئرمین پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ یہ سنجیدہ مسئلہ ہے کہ پاکستان کو اپنا ڈیٹا محفوظ کرنا چاہیے، حکومت ایک ایسا ڈیٹا سینیٹر بنائے جس کی سیکیورٹی ہائی لیول کی ہو۔
رکن کمیٹی افنان اللہ نے کہا کہ ڈیٹا چوری ہونا بڑا اسکینڈل ہے، انکوائری میں ڈیٹا لیک کرنے والے ٹریس ہوجائیں گے۔
قائمہ کمیٹی نے وفاقی وزیر آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کی کمیٹی اجلاس میں عدم شرکت پر برہمی کا اظہار کیا، چیئرپرسن کمیٹی نے کہا کہ جب میری کمیٹی کا اجلاس ہو تو وزیراعظم وزیر آئی ٹی اور سیکریٹری کو میٹنگ کے لیے نہ بلائیں۔