کراچی: کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا ہے کہ ٹیم کی کامیابی پر خوش ہوں، بابر اعظم دنیا کا نمبر ون کھلاڑی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا ہے کہ ٹیم کی کامیابی پر خوش ہوں، شرجیل خان نے کمال کی اننگز کھیلی ہے۔عماد وسیم کا کہنا ہے کہ ہم آخری دونوں میچز بھی جیتنے کی کوشش کریں گے۔کراچی کنگز کے اوپنر شرجیل خان کا کہنا تھا کہ بیٹ پر اچھی گیند آرہی تھی، پراعتماد تھا، ایک چانس بھی ملا، آگے میچ اہم ہیں کوشش کروں گا اچھی کارکردگی دکھاؤں۔ واضح رہے کہ کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 10 وکٹوں سے باآسانی شکست دی، لاہور قلندرز کی جانب سے دیا جانے والا 151 رنز کا ہدف کراچی کنگز نے 17.1 اوورز میں حاصل کیا۔شرجیل خان نے 74 اور بابر اعظم نے 67 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، شرجیل خان کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔کراچی کنگز 9 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آگئی ہے، پہلے نمبر پر ملتان سلطانز کی ٹیم براجمان ہے۔