تازہ ترین

وفاق صنعت کاروں کے جائز مسائل حل کرے ،اکرام دھاریجو

وفاق-صنعت-کاروں-کے-جائز-مسائل-حل-کرے-،اکرام-دھاریجو

حکومت سندھ نے انڈسٹریل زونز میں انفرااسٹرکچر کی بحالی کیلئے 2.5 ارب روپے خرچ کیے روزگار کے نئے مواقع مہیا کرنے کیلئے سرمایہ کاروں سے ہر سطح پر تعاون کیلئے تیار ہیں کراچی : صوبائی وزیر برائے صنعت وتجارت اور امداد باہمی و انسداد بدعنوانی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ حکومت سندھ انڈسٹریل زونز میں انفرااسٹرکچر کی بحالی کے کاموں میں سنجیدہ ہے اور اس مقصد کے لئے حکومت سندھ نے گزشتہ دو سال میں 2.5 ارب روپے خرچ کئے ہیں ،وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے ان انڈسٹریل زونز میں انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لئے مزید ایک ارب روپے کی منظوری دے دی ہے ۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں محکمہ انڈسٹریز کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکریٹری انڈسٹریز عبدالغنی سہتو اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ انڈسٹریل زونز کے مسائل دیکھتے ہوئے انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لئے مزید ایک ارب روپے منظور ہوگئے ہیں اور امید ہے کہ مذکورہ رقم کے استعمال کے بعد ان زونز میں مزید بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل افسوس ہے کہ وفاقی حکومت سندھ سے ریونیو تو لیتی ہے مگر بجلی، گیس اور پانی کی مد میں کوئی تعاون نہیں کرتی ۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ صنعت کاروں کے جائز مسائل فوری حل کرے تاکہ صنعتوں کا پہیہ چل سکے اور روزگار کے نئے مواقع بھی میسر آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں روزگار کے نئے مواقع مہیا کرنے کے لئے حکومت سندھ صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں سے ہر سطح پر تعاون کے لئے تیار ہے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں