وفاقی حکومت کا ملک کے تیسرے بڑے شہر فیصل آباد میں نیا ائیرپورٹ تعمیر کرنے کا اعلان، نیا ائیرپورٹ علامہ اقبالانڈسٹریل اسٹیٹ کے قریب واقع ہوگا، حکومت جلد منصوبے کا سنگ بنیاد رکھے گی، نئےائیرپورٹ کی تعمیر سے فیصل آباد کی تاجر برادری کی نقل و حمل کی ضروریات پوری کی جا سکیں گی۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت جلد ملک کے تیسرے بڑے شہر فیصل آباد میں ایک نئے ائیرپورٹ کا سنگ بنیاد رکھنے جا رہی ہے۔فیصل آباد کا موجودہ ائیرپورٹ اس وقت شہر کی آبادی اور کاروباری برادری کی ضروریات پورا کرنے سے قاصر ہے، اسی لیے شہر میں اب ایک نیا ائیرپورٹ تعمیر کیا جائے گا۔ اس حوالے سے فیصل آباد سے منتخب ہونے والے تحریک انصاف کے نوجوان رکن قومی اسمبلی اور وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے میاں فرخ حبیب نے کہا ہے کہ فیصل آباد کی تاجر برادری کی نقل و حمل کی ضروریات پوری کرنے کے لیے عالمی معیار کے ایک نئے ایئرپورٹ کی اشد ضرورت ہے۔ اسی لیے حکومت تاجروں کی ضرورت کے پیش نظر یہاں جلد ایک نئے اور عالمی معیار کے ایئرپورٹ کا سنگ بنیاد رکھے گی جو شہر کے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی سے ملحقہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں خصوصی اقتصادی ژون کی تعمیر وزیر اعظم عمران خان کے نوجوان اور نئے افراد کے لیے کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے وژن کی جانب اہم قدم کے ساتھ ساتھ نہ صرف پاکستان کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرے گی بلکہ اس سے 5 سے 6 لاکھ افراد کو روزگار کے مواقع بھی فراہم ہوں گے۔ جبکہ شہر کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر جلد یہاں ایک بین الاقوامی معیار کا نیا ائیرپورٹ تعمیر کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ حال میں پاکستان میں اسلام آبادمیں نیا ائیرپورٹ تعمیر کیا گیا ہے جو اس وقت ملک کا سب سے بڑا اور جدید ترین ائیرپورٹ ہے۔ جبکہ حکومت کی جانب سے سی پیک منصوبے کے تحتگوادر میں بھی نئے ائیرپورٹ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا جا چکا ہے۔ اور اب فیصل آباد میں بھی نئے ائیرپورٹ کی تعمیر کا اعلان کیا گیا ہے۔