حکومت سندھ مہلک وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہےوزیر اعلیٰ نے وفاقی حکومت کی توجہ مبذول کرانے کی کوشش کی لیکن توجہ نہیں گئی کراچی : سندھ کے وزیر صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی بار بار نشاندہی کے باوجود وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا۔ یہاں تک کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ کی کال بھی ریسیو کرنے کی زحمت نہیں کی۔ جمعرات کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ اپنے وسائل میں رہتے ہوئے اس مہلک وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے لیکن وفاقی حکومت گزشتہ ایک ماہ سے خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وفاقی حکومت کی توجہ مبذول کرانے کی پوری کوشش کی لیکن اس مسئلے پر کوئی توجہ نہیں گئی ، سرحدی چوکیوں اور ہوائی اڈوں پر مسافروں و زائرین کی مناسب جانچ پڑتال نہیں کی گئی جو وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کو وزیر اعظم کی جانب سے امدادی پیکیج کی توقع تھی ، ان کا خطاب مایوس کن تھا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ناقص کارکردگی اور نا اہلی کی وجہ سے تفتان کورونا وائرس کی نرسری بن گیا ، جہاں سے یہ پورے ملک میں پھیل گیا۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ کورونا وائرس کے معاملے پر امریکی صدر ٹرمپ نے اپوزیشن جماعتوں سے رابطہ کیا لیکن ہمارے وزیر اعظم کے پاس اس معاملے پر حکومت سندھ سے رابطہ کرنے کا وقت نہیں ہے۔