وزیراعظم نے سمیڈا کو ایس ایم ایز کی معاونت بڑھانے کی ہدایت دی
شائع شدہ تاریخ 07 جولائی, 2026
اجلاس کے دوران سمیڈا کی جانب سے ایس ایم ایز کی سہولت کے لیے مختلف اقدامات پر بریفنگ دی گئی جبکہ وزیرِ اعظم نے ایس ایم ایز کی قرضوں تک رسائی کے لیے جامع لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کی۔
وزیرِ اعظم نے برآمدات میں اضافے کے لیے ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی میں سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی استعداد بڑھانے کے لیے مؤثر سہولت دی جائے۔
انہوں نے اجناس اور پھلوں کی پراسیسنگ کے حوالے سے کسانوں کو آگاہی فراہم کرنے، قرضوں کی فراہمی سے متعلق خصوصی پراڈکٹس کی تیاری کی حوصلہ افزائی کرنے اور چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتوں کو فیزیبیلٹی کی تیاری سمیت دیگر مراحل میں معاونت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایس ایم ایز کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات ضروری ہیں جبکہ سمیڈا نوجوانوں بالخصوص خواتین انٹرپرینیورز کو صنعتیں لگانے میں معاونت فراہم کرے۔
اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر مصدق ملک، معاونِ خصوصی ہارون اختر، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور شعبے کے ماہرین نے بھی شرکت کی جبکہ صوبائی حکام اور ماہرین ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔