ٹی20ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے چوتھے میچ میں پاکستان نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دیکر تاریخ رقم کردی۔ دبئی میں کھیلے جارہے پاک بھارت میچ میں کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی، بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 151 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب نے کپتان بابراعظم نے 66 رنز کی زمہ دارنہ اننگز کھیلی جس میں 4 چوکے اور 2 چھکے بھی لگائے۔ وکٹ کیپر بلےباز محمد رضوان نے 73 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ بھارت کی جانب سے کوئی بھی گیندباز ایک وکٹ بھی حاصل نہ کرسکا۔ اس سے قبل بھارت کی اننگز کا آغاز اچھا نہ ہوا ان فارم بلےباز کےایل راہول 3 جبکہ روہت شرما بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ بھارت کی جانب سے کپتان ویرات کوہلی نے اپنی ٹیم کو سہارا فراہم کیا اور 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 57 رنز کی اننگز کھیلی، رشب پنٹ نے انکا پھرپور ساتھ دیا اور 39 رنز بنائے تاہم وہ شاداب خان کا شکار بنے۔ ان کے علاؤہ سوریا کمار یادیو 11، روندرا جدیجا 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے اسٹرئیک بولر شاہین شاہ آفریدی نے 3، حسن علی 2 جبکہ شاداب خان اور حارث رؤوف نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل ٹاس کے موقع پر پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ میچ میں ڈیو فیکٹر اثر انداز ہوگا اس لیے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔