تازہ ترین

وبا کی تیسری لہر، ایئر پورٹس پر اقدامات سخت

وبا-کی-تیسری-لہر،-ایئر-پورٹس-پر-اقدامات-سخت

کراچی: کرونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ سمیت ملک کے دیگر ایئر پورٹس پر اقدامات سخت کر دیے گئے۔ ڈی جی سول ایوی ایشن کی ہدایت پر اب ایئرپورٹس پر اندرون و بیرون ملک جانے والے مسافروں کی مکمل طبی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ کراچی ایئر پورٹ کے منیجر محمد عمران خان نے بتایا کہ ڈی جی سی اے اے نے تمام ایئر پورٹس منیجرز کو احکامات جاری کیے ہیں کہ ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ سی اے اے کی ہدایت کے مطابق ماسک نہ لگانے والے مسافروں اور عملے کے خلاف اب کارروائی ہوگی، اور ایئر پورٹ کے چیک اِن ایریاز میں سماجی فاصلہ لازمی قرار دے دیا گیا۔ سی اے اے کی جانب سے تمام ایئر لائنز کو یہ ہدایت بھی جاری کی گئی ہے کہ بورڈنگ کے لیے لمبی قطاریں اب نہیں لگیں گی، ایئر لائنز اندرون و بیرون ملک جانے والے 10 سے زائد مسافروں کو پہلے مرحلے پر بورڈنگ کارڈ جاری کریں گے، دوسرے مرحلے میں باقی مسافروں کو بورڈنگ کارڈ جاری ہوں گے، تاکہ رش نہ لگے۔ کراچی ایئر پورٹ منیجر کا کہنا ہے کہ ان کی جانب سے این سی او سی کی ہدایات پر مسافروں کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل در آمد کرایا جا رہا ہے۔ کراچی ایئر پورٹ پر ماسک لازمی قرار دیا گیا ہے، اور بغیر ماسک کے ایئر پورٹ آنے والے مسافروں کا داخلہ بند ہوگا۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں