نارووال: نارووال میں ورکنگ باؤنڈری کے سرحدی گاؤں سے بارودی سرنگ برآمد ہوئی ہے، برآمد ہونے والی بارودی سرنگ 35 پاؤنڈ وزنی بھارتی ساختہ ہے، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بارودی سرنگ کو ناکارہ بنا دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نارووال کے علاقے ظفر وال میں ورکنگ باؤنڈری کے سرحدی گاؤں سے بارودی سرنگ برآمد ہوئی ہے۔بارودی سرنگ نالہ ڈیک میں موضع لہری کے مقام سے ملی۔ بتایا گیا ہے کہ برآمد ہونے والی بارودی سرنگ 35 پاؤنڈ وزنی بھارتی ساختہ ہے۔ تاہم بارودی سرنگ کی اطلاع ملنے پر نارووال سول ڈیفنس بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بارودی سرنگ کو ناکارہ بنا دیا ہے۔ واضح رہے آج پاکستان میں بھرپور ملی جوش وجذبے کے ساتھ یوم دفاع منایا گیا۔ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ لائن آف کنٹرول تعینات فوجی جوانوں سے ملاقات کرنے ایل اوسی پرپہنچ گئے۔ وزیراعظم اور آرمی چیف، آرمی شہداء کے لواحقین سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ، وزیردفاع ، چیئرمین کشمیر کمیٹی بھی ہمراہ ہیں۔ ورکنگ باؤنڈری اور ایل اوسی پر دشمن کی جانب سے اس طرح کی خفیہ کاروائیاں امن اور پاکستان کی خوشحالی کو نقصان پہنچانے کی بڑی سازشیں ہیں۔ تاہم پاک فوج اور سکیورٹی اداروں کی کاوشوں سے ہمیشہ کی طرح آج بھی ورکنگ باؤنڈری پر دشمن کی سازش کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ اس کے برعکس پاکستانیوں نے ایل اوسی اور ورکنگ باؤنڈری پر اظہار یکجہتی کیلئے بھرپور ریلیاں بھی نکالیں۔ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز بھی اپنے ٹویٹ میں بھارت کو خبردار کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ عالمی میڈیا میں کشمیر میں جاری بربریت کے بارے میں بتایا جا رہا ہے۔کشمیریوں کو گرفتار کرکے مختلف جیلوں میں قید کیا گیا، مودی کی فورسز بچوں ، خواتین اور مردوں کو تشدد کا نشانہ بنا رہی ہیں۔کشمیر میں ادویات بھی ختم ہوگئی ہیں۔ مواصلات کا نظام منقطع ہے کشمیریو ں کا دنیا سے رابطہ ختم ہوگیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کیخلاف ورزیاں جاری ہیں۔ لیکن دنیا مسئلہ کشمیر پر خاموش کیوں ہے؟ دنیا میں مسلمانوں پر مظالم ہورہے ہیں ، کیا عالمی برادری کی انسانیت دم توڑ چکی ہے؟ کوئی شک نہیں کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیر کی حیثیت میں کوئی بھی تبدیلی پاکستان کیلئے براہ راست چیلنج ہے۔انہوں نے کہا کہ6ستمبر کو ہماری افواج نے تاریخی قربانیاں دیں، ہماری فوج نے ثابت کیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔اپنے شہیدوں اورغازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا کو خبردار کرتا ہوں کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا،ہندوستان کی کسی بھی جارحیت پوری شدت کے ساتھ جواب دیں گے۔