لولی وڈ کی معروف اداکارہ سنگیتا حال ہی میں ایک پروگرام کا حصہ بنیں جہاں ان کے ہمراہ اداکارہ فریحہ جبین اور ان کی چھوٹی بہن حنا رضوی بھی جلوہ گر ہوئیں۔ بول نائٹس ود احسن خان شو کے دوران انٹرویو میں اداکارہ سنگیتا نے حال ہی میں ایوارڈ شوز میں پاکستانی اداکاراؤں کے انداز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انٹرویو کے آغاز میں احسن خان نے اداکارہ سے سوال کیا کہ ان کی خوبصورتی کا کیا راز ہے جس پر سنگیتا کا کہنا تھا کہ 'کسی سے جلو مت، اپنے اندر رہو اور ہر بات ہنس کے سہو'۔ احسن خان نے اس موقع پر اداکارہ سنگیتا کا مداحوں سے یہ کہہ کر تعارف کروایا کہ انہوں نے اکیلے چار بیٹیوں کی بہترین تربیت کی انہیں نہ صرف اچھی تعلیم دی بلکہ اچھے گھروں میں ان کی شادی بھی کی۔